کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے کوروناوائرس کے پیش نظر اندرون ملک پروازوں میں کھانا فراہم کرنے پر دوبارہ پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ پابندی کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عائد کی گئی ہے، اندرون ملک ہوائی سفر کے لیے لازمی ویکسینیشن پالیسی لاگو رہے گی۔
مراسلہ کے مطابق پہلے سے نافذ تمام فضائی سفری پالیسیاں لاگو رہیں گی۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے مجاز ہوں گے، ایئرلائنز کو 21 جولائی سے پیک شدہ کھانا دینے کی اجازت دی گئی تھی۔
تمام ائیرلائن آپریٹرز کو نئے اصول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک حکم نامہ کے مطابق وبا کے باعث مسافروں کو دوران پرواز منرل واٹر بوتلوں کی فراہمی روکی گئی جس پر عمل درآمد جاری ہے۔