کراچی: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے سندھ کی گورنر شپ کے لیے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جب وزیر اعظم میاں شہباز شریف کراچی دورے کے دوران ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد گئے تو اے آر وائی نیوز کے استفسار پر کہ کیا ایم کیو ایم نے گورنر شپ کی کوئی بات کی؟ انھوں نے جواب دیا، نہیں ایم کیو ایم سے گورنر شپ کی کوئی بات نہیں ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نجی ٹی وی سے ایکسکلوزیو گفتگو میں انھوں نے ایم کیو ایم کو کابینہ میں شامل کیے جانے کے سوال پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا اور جواب دیے بغیر ہی روانہ ہو گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کے لیے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا تھا، ایم کیو ایم قیادت نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔
ایم کیو ایم قیادت نے صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کراچی سرکولر ریلوے اور K-4 جیسے اہم ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل پر زور دیا، وزیراعظم نے کراچی میں ایک نئی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔