ملک بھر میں ہونے والے شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں بچوں ، خواتین سمیت مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حالیہ بارشوں سے دو روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے سے جاری طوفانی بارش کے باعث اہم شاہراہیں سمندر کا منظر پیش کرنے لگیں، جہاں تاحد نگاہ پانی ہی پانی موجود ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کامونکی میں عبداللہ روڈ پر بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کی 8 افراد دب گئے۔ محلہ داروں نے ملبے سے ماں اور دو بچیوں کی نعشیں نکال لیں، مرنے والوں میں 2 سالہ نور فاطمہ،13 سالہ مریم اور 50 سالہ حاجرہ بی بی شامل ہیں۔
لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دبنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور کے علاقے مزنگ اسپتال کی دیوار بارش کے باعث گرگئی،حادثے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اسپتال سے ملحقہ دیوارگرنے سے مزنگ اسپتال کا ویٹنگ شیڈ گرا ہے۔
دوسری جانب شرقپورشریف میں بارش کے دوران پانی کا موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے دادا اور پوتا جاں بحق،ریسکیو حکام نے دادا پوتے کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک بھر میں ہونے والے شدید بارشوں کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بچوں ، خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
مزید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں مری، راولپنڈی، سرگودھا میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ گلیات جہلم، اٹک اورچکوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
میانوالی، فیصل آباد، جھنگ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسے گی، موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اٹک، گوجرانوالہ، لاہور،قصور، اوکاڑہ، کوہاٹ، پشاور اور ڈی آئی خان کےنشیبی علاقوں میں بھی اربن فلڈ نگ کا خدشہ ہے۔
ترجمان کہنا ہے کہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کاخدشہ ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ ژوب، زیارت، موسیٰ خیل ، بارکھان، لورالائی میں آندھی اور بارش کی توقع ہے۔
ممکنہ سیلاب کا ہائی الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں ممکنہ سیلاب کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان اے کے مطابق 8 سے 10 جولائی دریائے جہلم، ستلج، راوی اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
بھارت کی جانب سے راوی اورستلج میں پانی چھوڑنے جانے کا امکان ہے، بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے سے سیلاب کے خطرات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرزسمیت صوبائی محکموں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا، ہدایت کی گئی ہے کہ تمام محکمے فوری طور پر انتظامات مکمل کریں۔
راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی
ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں ضلع بھر میں مون سون بارشوں کی پیش ںظر 11 جولائی تک دفعہ 144 نافذ کردی، ریلی،اجتماع، ڈبل سواری اوراسلحہ لے کرگھومنے عائد کردی گئی۔ نورخان ایئربیس کے اطراف کبوتربازی، لیزرلائٹ، ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق پابندی پابندی کسی حادثے سے بچنے کیلئے لگائی گئی، جو 11جولائی تک رہے گی۔
ایئرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات
مون سون کے متوقع سسٹم کے تحت کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اورآندھی کی پیش گوئی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پرپیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، جہازوں سے پرندوں کو دورر کھنے کےلیے اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے جائیں، رن ویز اور اطراف میں موجود تمام برقی آلات کی کا کردگی کو یقینی بنائیں۔ رن ویزکے اطراف میں ہر قسم کے گڑھوں کو بھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے۔