اسلا م آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ 16 اکتوبر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ اور گلف مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 ڈالر فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان میں موجودہ ریٹ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 22روپے کمی بنتی ہے۔
اس طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 20 روپے سے زائد کمی کا امکان ہے۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت پچھلے دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رحجان ہے۔ گذشتہ روز عالمی منڈی میں دوران کاروبار خام تیل کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی تھی۔
اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں مزید کمی نہ کئے جانے کا امکان ہے، اسی لیے دوران کاروبار عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں دو ڈالر سے زائد کی کمی ہوگئی ہے۔
تحریک انصاف نے لاہور میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا
بتایا گیا ہے کہ برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 15دنوں میں 7 ڈالرز سے زائد کم ہو چکی۔ برطانوی خام تیل 87 ڈالر فی بیرل کی سطح سے نیچے ٹریڈ ہو رہا ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 84 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی ریفائنری سنرجی کو نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار نجی طور پر روس سے خام تیل درآمد کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مالی مشکلات کا شکار پاکستان ماسکو سے رعایتی نرخوں پر تیل حاصل کرکے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد یورپی منڈیوں کے لیے اس کی برآمدات پر پابندی کے بعد ماسکو کی جانب سے رعایت کے پیش نظر جنوبی ایشیائی ملک نے خام تیل خریدنے کرنے کی کوششیں شروع کیں۔
حکومت کی جانب سے روس سے درآمد کردہ پہلا کارگو جون میں پاکستان پہنچا تھا جبکہ حکومت سے حکومت کے درمیان دوسرے شپمٹنس کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔