اسلام آباد: چین نے پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرضہ دے دیا، وزیر خزانہ نے رقم اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کی تصدیق کردی۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ٹویٹ میں اس حوالے سے اعلان کیا ہے کہ چینی کنسورشیم کی جانب سے پاکستان کو قرض کی مد میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ رقم اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئی ہے جس کے بعد ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے قرض سرکاری بینک میں منتقل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ مرکزی بینک نے کہا کہ 15 ارب آر ایم بی (چینی کرنسی) بینک کو موصول ہوچکے ہیں۔
سندھ حکومت نے کاروباری مراکز کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
واضح رہے کہ چینی بینکوں کے کنسورشیئم کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت پاکستان کو یہ رقم ملی ہے۔ توقع ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری سے روپے کی قدر بھی مستحکم ہوگی۔
علاوہ ازیں اگلے چند روز میں آئی ایم ایف کے ساتھ اگر اسٹاف سطح کا معاہدہ طے پاجاتا ہے تو اس کے بعد عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسلامک ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو فنانسنگ ملنا شروع ہوجائے گی۔