پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چئیرمین کی گرفتاری کے خلاف پشاور میں پولیس نے کارکنوں کا احتجاج ناکام بنادیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پارٹی کارکنان کی جانب سے کئے جانے والا احتجاج پولیس کی جانب سے ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے پیر زکوڑی پل کے قریب احتجاج میں شریک متعدد کارکنان اور مقامی رہنماؤں کو گرفتار بھی کیا گیا جن میں سابق ٹاؤن ناظم زاہد ندیم بھی شامل تھے۔
ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پیر زکوڑی پل کے نیچے پولیس کی بھاری نفری تعینات بھی کردی گئی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید اور 5 سال کی نااہلی کی سزا سنائی گئی ہے جس کے بعد انہیں لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کیا گیا۔