وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں اتنی کرپشن کی کہ وہاں کے چوہے بھی دلیر ہو کر اربوں کی گندم کھا گئے۔
فرخ حبیب نے پی ٹی آئی حقوق سندھ مارچ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ناکامیوں، عوامی مسائل اور جرائم میں ہو شربا اضافے کے خلاف پی ٹی آئی گھوٹکی تا کراچی “سندھ حقوق مارچ” عوامی امنگوں کی ترجمان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 13 سال سے پیپلز پارٹی سندھ پر حکومت کر رہی ہے لیکن عوام کے لئے کچھ بھی نہیں دیا، ایمبولینس میسر نہ ہونے پر سندھ میں آج بھی مریضوں کو ہتھ ریڑھی پر اسپتالوں میں لایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو ٹینکر مافیا، گرانفروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، یہ وہ سندھ ہے جہاں کے چوہے اربوں کی گندم کھا جاتے ہیں، پیپلز پارٹی نے سندھ میں اتنی کرپشن کی کہ وہاں کے چوہے بھی دلیر ہو کر اتنی گندم کھا گئے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ کے وزیر خوراک کا اسمبلی فلور پر کھڑے ہو کر اربوں کی کرپشن کے اعتراف پر بلاول کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، سندھ میں جرائم اور بدامنی کا ذمہ دار کون ہے؟
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ حقوق سندھ مارچ سندھ کے مختلف اضلاع میں جائے گا، گھوٹکی سے شروع ہونے والا سندھ حقوق مارچ مختلف اضلاع سے ہوتا ہوا 6 مارچ کو کراچی میں اختتام پذیر ہوگا۔