وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم قوم سے اپنے خطاب میں ‘اہم اعلانات’ کریں گے، وزیراعظم کا خطاب رات 9:30 بجے نشر ہوگا۔
سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کو اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کی ہدایت کرنے کے بعد مشکلات کا سامنا ہے،
اس تمام صورتحال میں وزیر اعظم کا آج قوم سے خطاب متوقع ہے جس کے دوران وہ ‘اہم اعلان’ کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران جانتے ہیں کہ اپنے راستے میں آنے والے چیلنجز سے کیسے نمٹنا ہے،
انہوں نے کہا کہ بظاہر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ وہ جیت گئی ہے لیکن ایسا نہیں ہے، وہ ہار گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپتان آج ایک اہم اعلان کریں گے، وہ قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
بلوچستان: فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان بھی شہید
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ قوم سے خطاب بھی کریں گے۔
عدالتی فیصلے کے بعد ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں کل شام قوم سے خطاب کروں گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سےقوم سے خطاب کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز قبل سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف لائی گئی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی رولنگ اور صدر مملکت کے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تمام ججز کا متفقہ فیصلہ ہے، ہم نے ایک دوسرے سے مشورہ کیا، ڈپٹی اسپیکر کی 3 اپریل کی رولنگ غیر آئینی تھی جبکہ وزیر اعظم، صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس نہیں دے سکتے تھے۔