پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنی 3 سال کی تباہ کاریوں کا الزام بھٹو اور شریف خاندان پر لگا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ اب بری طرح سے پٹ چکا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ آپ نے ملک کے مجموعی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا ہے، 3 سال میں 20.7 ٹرلین روپے کے قرضے لیکر آپ دوسروں پر الزام ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ آج ہفتہ وار رپورٹ میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.49 فیصد ہو گئی ہے، کیا 3 سال میں ریکارڈ قرضے، مہنگائی، بیروزگاری اور بحرانوں کے ذمہ دار بھی موجودہ حکومت نہیں کوئی اور ہے؟
پی پی کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ حکومت کب اپنی ذمہ داریاں قبول کرے گی؟ شاید ان کو ابھی تک احساس نہیں ہوا کہ یہ حکومت میں ہیں، وزیراعظم کو لگتا ہے ان کے علاوہ سب سیاست میں کرپشن کرنے آئے ہیں، لیکن ملک کی اکثریت سمجھتی ہے اس حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بار انتخابات میں لوگ آپ سے آپ کی کارکردگی کا پوچھے گے، آپ دوسروں پر الزام لاگا کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔