اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا،وزیراعظم شہباز شریف نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کی اپیل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کے لئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پر بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 1 ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا،وزیراعظم شہباز شریف نے مخیرحضرات کو برادر ملک ترکیہ کی فراخدلانہ مدد کی اپیل کی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے 24 گھنٹے گزر گئے لیکن تباہی کے مناظر سے دماغ سُن ہو گئے ہیں۔
عمران خان زمان پارک میں روپوش اور گرفتاری کے خوف میں مبتلا ہیں،عطاء تارڑ
بڑے پیمانے پر انسانی المیہ دلی دکھ اور صدمے کا باعث بنتا ہے،یکجہتی اور بروقت امداد سے دکھی انسانیت کی مدد کرنی چاہیے۔جبکہ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے،
وہ صدر طیب اردوان سے زلزلے کی تباہی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کریں گے۔ شہباز شریف ترکیہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے،
وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے،اتحادیوں کی مشاورت سے اے پی سی کی نئی تاریخ کا اعلان ہو گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردگان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور زلزلے کے باعث تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنجیدہ ہیں،آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان ترکیہ کی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترک صدر طیب اردگان کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں زلزلے سے 2 ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں،ترکیہ میں زلزلے سے 5 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ 2440 لوگوں کو اب تک ریسکیو کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے کے بعد 45 ممالک نے مدد کی پیشکش کی