اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے مسجد اقصیٰ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہم فلسطینیوں کےساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صیہونی فورسز کی جارحیت پر اپنے بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کا حملہ قابل مذمت ہے ، اسرائیل کی جانب سے تشددمیں اضافہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں، عالمی برادری یواین چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے۔
یاد رہے صیہونی فورسز نے ایک بار پھر قبلہ اول پر حملہ کر دیا تھا اور نمازیوں پر گولیاں برسادیں، فائرنگ اور شیلنگ سے 150 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے ۔
فلسطینی حکام نے بتایا تھا کہ صیہونی فورسز جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوئی اور نمازیوں پر براہِ راست گولیاں چلادیں۔