وزیراعظم شہبازشریف نے کل وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے، جس کا 4 نکاتی ایجنڈا بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے۔ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگا، اور وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس کا 4 نکاتی ایجنڈا مرتب کرلیا گیا ہے۔ کل ہونے والے اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ ریگولیٹری قواعد پربورڈ آف انویسٹمنٹ بریفنگ ایجنڈے کا حصہ ہوگی، اور وفاقی کابینہ ہارڈ شپ کیٹیگری کے حوالے سے ایک دوا کی منظوری بھی دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کل ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی، 54 ادویات کی قیمتوں کے تعین اور ارکان پارلیمنٹ کی 2020 کی ٹیکس ڈائریکٹری کی بھی منظوری دی جائے گی۔