بخارا : وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان میں صوفی بہاؤالدین نقشبند کے مزار پر حاضری دی اور اس موقع کہا اب تک ہم نے ازبک ہیروز کوصرف تاریخ کی کتابوں میں ہی پڑھا تھا لیکن اب دونوں ممالک کے درمیان نئی اور پرجوش شروعات ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان روانگی سے قبل ازبکستان میں صوفی بہاؤالدین نقشبند کے مزار پر حاضری دی ، اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان میں نئی اور پرجوش شروعات ہو رہی ہے، اب تک ہم نے ازبک ہیروز کوصرف تاریخ کی کتابوں میں ہی پڑھا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر دونوں ملکوں میں کوئی خاص رابطے نہیں تھے، سیاسی، تجارتی اور عوامی سطح پر تعلقات کی ایک نئی شروعات کر رہے ہیں، باہمی تعلقات اب مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے حضرت امام بخاری کے مزار پر حاضری دی ، اس موقع پر وفاقی وزرابھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے ، اس دوران وزیراعظم کو مزار کے اندرونی حصوں کا دورہ کروایا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے امیر تیمور کے مزارپر بھی حاضری دی ، جہاں انھیں مزار کے اندرونی حصوں کا دورہ کروایا گیا۔