اسلام آباد : وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بڑے پیمانے پر کامیابی پر پی ٹی آئی کے سپورٹرز، ورکرز اور عوام کے مشکور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بڑے پیمانے پر کامیابی ہوئی جس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور خیبر پختونخوا کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ہم نے 65 میں سے 30 نشستیں حاصل کیں، تحریک انصاف کے امیدواروں نے مجموعی طور پر 70 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ باقی تمام جماعتوں نے صرف 30 فیصد ووٹ لئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر کامیابی پر پی ٹی آئی کے سپورٹرز، ورکرز اور عوام کے مشکور ہیں، آج کے نتائج کے اثرات پاکستان کے آئندہ عام انتخابات پر بھی مرتب ہوں گے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے جس طرح پہلے کامیابی حاصل کی، اسی طرح آئندہ بھی کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی اور عمران خان دوبارہ وزیر اعظم ہوں گے۔