کوئٹہ کے سورہ گھرگی کے علاقے میں کوئلے کی مقامی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 4 کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
کانوں اور معدنیات کے محکمے کے چیف انسپکٹر عبدالغنی نے بتایا کہ جمعہ کی شب کوئٹہ کے نواح میں کوئلے کی مقامی کان میں زوردار دھماکا ہوا۔
دھماکے کے باعث 7 کان کن کوئلے کی کان میں پھنس گئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 4 مزدور ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
بلدیاتی نظام : پی ایس پی اور سندھ حکومت میں معاہدہ طے پاگیا
انہوں نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں گزشتہ رات شروع کردی گئی تھیں، ریسکیو آپریشن کے دوران تین زخمیوں کو کوئٹہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والے کوئلہ کان کنوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
عبد الغنی نے مزید بتایا کہ دھماکے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے جبکہ کوئلے کی کان کو سیل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال بلوچستان کی دو کوئلے کی کانوں میں حادثات پیش آئے جن میں کانوں میں کام کرنے والے 8 مزدور جاں بحق ہوئے۔