لاہور میں گزشتہ شام سے شروع ہونیوالے بارشوں کے سسٹم نے شہر کے تمام علاقوں کو ڈوبو دیا، ضلعی انتظامیہ کے دعوے پانی بہا کر لے گیا۔ شہر کے اکثر اسپتال تالاب اور انڈر پاسز نہر کی شکل اختیار کرگئے، شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا۔
شہر میں اربوں روپے سے تیار کئے گئے انڈر پاسز میں بھی پانی بھر گیا، گزشتہ شام سے شروع ہونیوالی بارش نے آج صبح کلمہ چوک انڈر پاس میں نکاسی آب کی قلعی کھول دی۔
کینال روڈ پر واقع متعدد انڈر پاسز کی تصویر بھی اس سے مختلف نہیں، شہر کے پوش علاقوں ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلبرگ، شادمان، اقبال ٹاؤن، والٹن، ٹاؤن شپ، مسلم ٹاؤن سمیت شمالی لاہور بارش کے پانی کے باعث لاہوریوں کیلئے درد سر بن گیا۔
بارش رکنے کے باوجود پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی کا انتظام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب جناح اسپتال، جنرل اسپتال، چلڈرن اسپتال بھی پانی میں ڈوب گئے، جس سے ڈاکٹرز مریضوں اور لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
عید قربان کیلئے سجائی گئی مویشی منڈیاں بھی پانی کے تالابوں کی شکل اختیار کر گئیں۔ ادھر شہریوں نے نگراں حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔