اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجا ریاض احمد کی بطور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی تقرر کی درخواست منظور کرلی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے قائد حزب اختلاف کے تقرر کی منظوری قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 39 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے دی۔
قائد حزب اختلاف کے لیے درخواست کی وصولی کے لیے آج 20 اپریل بروز جمعہ دن 3 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔
قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی کے راجا ریاض احمد اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے غوث بخش خان مہر نے اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف 25 ارکان پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کردی
راجا ریاض احمد کی درخواست پر 16 اپوزیشن ممبران جبکہ غوث بخش خان مہر کی درخواست پر 6 ممبران کے دستخط موجود تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت حزب اختلاف کے اراکین کے اکثریت کی حمایت حاصل ہونے پر راجا ریاض احمد کا بطور اپوزیشن لیڈر تقرر کیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 منحرف ارکان سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود تھے جہاں راجا ریاض نے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ 24 ارکان ہیں جو ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔