اسلام آباد: کے الیکٹرک نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پربجلی کی قیمت میں 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کی قیمت میں یکمشت فی یونٹ 11 روپے 39 پیسے اضافے کی درخواست دی گئی ہے۔
یہ اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے، نیپرا میں کے الیکٹرک کی درخواست پر 28 جولائی کو سماعت ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نیپرا میں وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کردہ ملک میں بجلی کے بنیادی یکساں ٹیرف کی درخواست پر سماعت کے دوران اتھارٹی نے واضح طور پر اشارہ کیابجلی کی پیداواری لاگت میں 16 گنا اضافہ ہوا ہے، یہ قیمت صارف ہی ادا کرے گا۔
وفاقی حکومت کی دائر کردہ درخواست میں کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے لیے بنیادی ٹیرف بڑھانے کی تجویز ہے، حکومت بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھائے گی۔
رواں ماہ جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز ہے، اگست میں بجلی کی قیمت میں مزید 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا، جب کہ اکتوبربجلی 91 پیسے فی یونٹ مزید بڑھائی جائے گی۔