لاہور : گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور اور برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کر نے کا مطالبہ کردیا، چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردوں کا بڑ اسہولت کار ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور سے برطانوی رکن پارلیمنٹ نازشاہ کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور اورسیزپاکستانیوں کے مسائل سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
گورنرپنجاب اوررکن پارلیمنٹ نازشاہ نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کر نے کا مطالبہ کردیا، دوران ملاقات چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں کے سفیر بننے کا حق ادا کر رہے ہیں جبکہ بھارت خطے میں دہشت گردوں کا بڑ اسہولت کار ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری دہشت گردی پر دنیا کی خاموشی کسی جرم سے کم نہیں، نریندر مودی کے ہوتے ہوئے خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
خیال رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیرمیں مظالم پربھارت کےخلاف جنگی جرائم کاکیس چلانے اور علی گیلانی کی شہداقبرستان میں تدفین کا مطالبہ کیا تھا۔