پاکستانی ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار شبیر رانا طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔
پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار شبیر رانا کے بیٹے اذلان شاہ نے انسٹاگرام پر اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کردی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار شبیر رانا طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے، انہیں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب لایا گیا جہاں وہ کئی روز سے زیرِ علاج تھے۔
اذلان شاہ نے انسٹاگرام پر جاری پیغام میں والد کے دعائے مغفرت کی اپیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی نماز جنازہ آج (اتوار کو) بعد نماز عصر رحمانیہ مسجد طارق روڈ پر ادا کی جائے گی۔
شبیر رانا طویل عرصے تک ایڈورٹائزنگ انڈسٹری سے وابستہ رہے جبکہ انہوں نے بے شمار ٹی وی کمرشل کی ڈائریکشن بھی دی، بعدازاں ڈرامہ انڈسٹری سے بطور اداکار منسلک ہوگئے۔
مرحوم شبیر رانا نے 4 دہائیوں سے زائد عرصہ ٹیلی ویژن ڈراموں میں کام کیا، جن میں محمود آباد کی ملکائیں، قید تنہائی، بے انتہاء، محبت زندگی ہے سمیت مختلف ڈرامے شامل ہیں۔