لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف دوسری بار کورونا کا شکار ہوگئے ، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا دوسری بار کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے ، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھرمیں قرنطینہ کرلیا۔
مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی صحتیابی کے لیےعوام،پارٹی وابستگان سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نےشہبازشریف کومکمل آرام کامشورہ دیا ہے۔
یاد رہے جون 2020 میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
خیال رہے کورونا کی پانچویں لہر میں متعدد سیاستدان کوروناکا شکار ہوچکے ہیں ، 13 جنوری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کوویڈ 19 مثبت آنے کا اعلان کیا جبکہ ان سے قبل صدر عارف علوی کا دوسری مرتبہ کوویڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
واضح رہے پاکستان میں مسلسل دوسرے دن 5000 سے زیادہ کوویڈ 19 کیسز رپورٹ ہوئے اور 8 افراد کا انتقال ہوا، اس دوران کوروناکی شرح ساڑھے 9 فیصد رہی۔