راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 79ویں فارمیشن کمانڈر کانفرنس ہوئی، جس میں پاک فوج کو بدنام اور ادارے و معاشرے کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی حالیہ پروپینگڈا مہم کا سختی سے نوٹس لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈر کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ کے ساتھ شرکا کو پیشہ ورانہ امور اور نیشنل سیکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔
کانفرنس میں پاک فوج کو بدنام کرنے اور ادارے و معاشرے کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی حالیہ پروپیگنڈہ مہم کا نوٹس لیا گیا جبکہ اس مہم کی روک تھام پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
عمران، امریکی سفیر، فواد چوہدری، قریشی اور سوری کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی اپیل
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج وطن کی حفاظت کیلئے ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ کھڑی رہے گی۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کے اختتام پر شرکا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع جاری رکھے گی۔