اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کے لیے نئی حکمت عملی بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کہ بانی چیئرمین نے زیادہ سے زیادہ کارکنان کو الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کی ہے تاکہ پارٹی کے پاس آپشنز موجود ہوں، ٹکٹس اگلے دو ہفتوں میں فائنل ہوں گے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پہلے بہتر ہے الیکشن عمل سے وابستہ کسی ماہر وکیل کی خدمات حاصل کرکے کاغذات اچھی طرح چیک کروانے کے بعد جمع کروائے جائیں۔
ایک بیان میں پارٹی ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات میں کوئی بھی ووٹر کسی بھی حلقے سے امیدوار ہو سکتا ہے، البتہ صوبائی اسمبلی کے حلقے میں حصہ لینے کیلئے درخواست دہندہ کا اسی صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے، آپ کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سب سے اہم ہیں، اس کے علاوہ ہر حلقے سے متعدد مضبوط کورنگ امیدوار بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔
جب فیلڈ ہی نہیں تو لیول کیسا؟ چوہدری پرویزالہیٰ
پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرتے وقت یہ بتانا ضروری نہیں کہ آپ نے کس جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا ہے، اثاثہ جات اور بینک قرض، ٹریولنگ ریکارڈ، ٹیکس ریکارڈ وغیرہ انتہائی احتیاط سے چیک کرنے کے بعد کاغذات جمع کروائیں تاکہ کوئی کمی نہ رہے، کاغزات نامزدگی کے ساتھ لگنے والے ہر پیپر اور فوٹو کاپی کو نوٹری پبلک سے اٹیسٹیشن کروا کر اچھی طرح چیک کرنے کے بعد جمع کروائیں۔
پی ٹی آئی ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن لڑنے کے تمام خواہشمند امیدوار کسی ماہر وکیل سے مشورہ کر کے اپنے اوپر ہونے والے نامعلوم کیسز یا ٹیکس نوٹسز وغیرہ کا پتا کروانے کے لئے متعلقہ ہائیکورٹس میں رٹ کرسکتے ہیں، اگر ضروری ہو تو وکیل کے مشورے سے اس رٹ کی کاپی اور بیان حلفی بھی اپنے کاغذات کے ساتھ لگائیں۔