اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی،آئندہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سفر کا آغاز 2008 میں پنجاب سے شروع کیا تھا۔ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب ایجوکیشن اینڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا،جدید تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ آج آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہے،دعا کریں کہ آئی ایم ایف میں ہمارے پروگرام کی منظوری ہو جائے،یہ لمحہ فخریہ نہیں لمحہ فکریہ ہے۔ ایک وقت تھا جب ہم ہمسایہ ممالک سے مقابلہ کرتے تھے،آج ہم جگہ جگہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے ادھار مانگ رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ انڈوومنٹ فنڈز سے 4 لاکھ 50 ہزار بچوں اور بچیوں کو تعلیمی وظائف دیئے گئے،آج ان میں سے ہزاروں ڈاکٹرز اور انجینئرز بن چکے ہیں۔
حکومتی اتحاد میں الیکشن کے وقت کے حوالے سے معاملات طے پا گئے
کوشش رہی ہے کہ انڈوومنٹ فنڈ کو 2 سے بڑھا کر 5 ارب کردوں،خواہش ہے آئندہ 10 سال میں 140 ارب تعلیم کیلئے مختص ہوں۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف پروگرام خوشی سے قبول نہیں کیا،اگر ہم نے بھکاری پن کا خاتمہ کرنا ہے تو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا۔رونے دھونے سے کبھی ملک خوشحال نہیں ہوتے،سفارش نے ملک کو تباہ کر دیا۔
وقت آ چکا ہے کہ تمام ادارے اور حکومت مل کر ترقی کیلئے کردار ادا کریں،اگر قوم کا مستقبل سنوارنا ہے تو سب مل کر ایک ہو جائیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ہم نے زراعت،انفارمیشن،معدنیات اور ایکسپورٹ کا جامع منصوبہ بنایا ہے۔جب بیرون ملک ہمارا استقبال کیا جاتا ہے تو میں ان کے چہروں کو دیکھتا ہوں،استقبال کرنے والوں کے چہرے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ یہ آ گئے ہیں ہم سے پیسے مانگنے۔