اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 25 مئی کو”یوم تکریم شہداء “ پر تعطیل نہیں ہوگی۔
انہوں نے مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر 25 مئی کو تعطیل سے متعلق چلنے والی خبر کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے چھٹی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر ’یوم تکریم شہداء “ پر تعطیل سے متعلق زیرگردش نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
یاد رہے اس سے قبل خبر تھی کہ ملک بھر میں 25 مئی کو عام تعطیل کا امکان ہے۔اگر چھٹی کا فیصلہ ہو گیا تو 25 مئی کو تمام سرکاری و نیم سرکاری اور نجی دفاتر و تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ واضح رہے حکومت پاکستان کی جانب سے شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے 25 مئی کو یوم تکریم شہدائے پاکستان منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو کی یادگارشہدا ء پر ہوگی۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا امکان
بتایا گیا ہے کہ یوم تکریم شہدائے پاکستان کا مقصد جہاں ایک طرف شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے اور قوم کو یہ بھی پیغام دینا ہے شہداء اوران کی فیملیز، یادگاروں کی تکریم اور احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔ یوم تکریم شہدائے پاکستان میں ملک بھر میں تقریبات کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا، تقریبات میں شہدائے پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جا ئے گا۔
خصوصی پروگرام اور تقریبات میں شہدا ء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی اور افواج پاکستان ، پولیس ودیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یادگار شہداء کوسلامی دی جائے گی۔ یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو کی یادگارشہدا ء پر مرکزی تقریب ہوگی جبکہ پاک فضائیہ ہیڈکوارٹرز، پاک بحریہ ہیڈکوارٹرز،پولیس کی متعدد یادگار شہدا ء پرتقریبات شامل ہیں۔ صوبائی دارالخلاف بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پرتقریبات ہوں گی ، یوم تکریم شہدائے پاکستان تجدید عہد کا یوم ہے، یہ دن نفرتوں ، تلخیوں کو بھلا کر محبت، امن، رواداری ،شہدا ء سے والہانہ محبت کاپیغام دے گا۔