لاہور : سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں چورآکربیٹھ گئےہیں اور خود کو چوری کا لائسنس دے دیا ہے ، وائٹ کالر کرائم پکڑنا پہلے ہی مشکل تھا اب ناممکن ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا سیمینارسےورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تیس سال حکمرانی کرنیوالوں نےآتےہی نیب قوانین بدل دیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کے ذریعے پہلے ہی وائٹ کالرکرائم پکڑنا مشکل تھا اب نیب قوانین میں ترمیم کرکےاب وائٹ کالر کرائم پکڑنا نا ممکن بنا دیا گیا، ملک میں چورآکربیٹھ گئے ہیں اور خود کو چوری کالائسنس دے دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک طاقتور اور ایلیٹ کلاس کی کرپشن سے تباہ ہوتاہے، قوم طاقتور کو قانون کے نیچے لانے کیلئے زور ڈالے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر سال 1700 ارب ڈالر غریب سے امیر ملکوں میں جارہا ہے، ایون فیلڈ اپارٹمنٹ جیسے بڑے بڑے محلات خریدنے کیلئے، امیر ملک طاقتور کو قانون کے نیچے لے آتا ہے اور غریب ملک میں طاقتور چور کو این آر او دے دیتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ غریب ممالک کا سب سے بڑا مسئلہ زرمبادلہ کے ذخائرمیں کمی ہے، کرنسی کمزورہوتی ہےان ملکوں میں مہنگائی آتی ہے، اشرافیہ کی کرپشن کی وجہ سےملک غریب ہوجاتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین اوردیگرممالک نےترقی تب کی جب وہاں قانون کی حکمرانی لائی گئی، جب تک ملک میں بڑی کرپشن نہیں روکیں گے ، خوشحالی نہیں لاسکتے۔