کراچی : سندھ حکومت نے یشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا، جس میں موبائل فون سم کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والوں کےخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے این سی او سی کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے میں محکمہ صحت سندھ نے 4مراحل میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں موبائل فون سم بلاک کرنے کا انتباہ بھیجا جائے، دوسرے مرحلےمیں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ تیسرے مرحلےمیں موبائل فون سے کالز کرنے کی سہولت ختم کردی جائے اور چوتھےمرحلے میں ویکسین نہ لگوانے پرموبائل فون سم بلاک کردی جائے۔
محکمہ صحت سندھ نے مراسلے میں یشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر پی ٹی اے سے بھی فوری اقدامات کا کہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خطرے کی گھنٹی، سندھ میں کورونا کا انڈین ویریئنٹ داخل ہوگیا 35 کیسز سامنے آگئے
گذشتہ روز سندھ حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی موبائل سم بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس ضمن میں پی ٹی اے کو خط لکھیں گے۔
صوبائی حکومت نے ہدایت کی تھی کہ پی ٹی اے لوگوں کو میسج کی صورت میں پیغام بھیجے کہ ویکسین لگوائیں اور جو لوگ ایک ہفتے میں ویکسین نہ لگوائیں ان کی موبائل سم بلاک کردی جائے گی ۔
خیال رہے بھارتی کورونا قسم ‘ڈیلٹا’ کے پھیلاؤ کے پیش نظر سندھحکومت نے دوبارہ پابندیوں عائد کردی ہے، پیر سے تعلیمی ادارے بند ہوں گے جبکہ دیگر کاروباری امور سے متعلق بھی قوائد وضوابط تبدیل کیے گئے ہیں۔