مردان : علی محمد خان کا کہنا ہے کہ جب نواز شریف کو ہتھکڑیاں پہنائی گئیں میں اس کے بھی خلاف تھا۔ اینٹی کرپشن مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو انسداد دہشت گردی عدالت مردان میں پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو انسداد دہشت گردی عدالت مردان میں پیش کیا گیا۔ علی محمد خان نے پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ آج میرے ہاتھ میں ہتھکڑی ہے،جب میاں صاحب کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں میں اس کے بھی خلاف تھا۔
ہمارا جتنا بھی اختلاف ہوں نواز شریف سابق وزیراعظم تھے انہیں ہتھکڑی نہیں لگانی چاہیے تھی۔ انہوں نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں،9 مئی کو جنہوں نے قانون ہاتھ میں لیا ہم ان کے ساتھ نہیں ہیں۔چند لوگوں کی وجہ سے دو کروڑ ووٹ لینے والی جماعت کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ ٹھیک نہیں۔
پنجاب اور اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی کا حکم واپس لے لیا گیا
پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ ملک کو انتخابات کی طرف لیکر جائیں،الیکشن ہوں اور عوام اپنا فیصلہ کریں۔ انتخابات میں عوام عمران خان،نواز شریف اور آصف زرداری سمیت جس رہنما کو ووٹ دینا چاہیں یہ انکی مرضی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جیل اور ہتھکڑیاں مسائل کا حل نہیں ہے،بات کرنی پڑے گی کیونکہ مسائل بات سے حل ہوتے ہیں،سیاست دان تو ہوتا ہی بات کرنے کیلئے ہے۔
قبل ازیں علی محمد خان نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسندی اور توڑپھوڑ کی ہے ہم ان کے ساتھ نہیں کھڑے کیوں کہ یہ پارٹی کی پالیسی نہیں ہے، جنہوں نے اس دن توڑ پھوڑ کی میں سمجھتا ہوں انہوں نے ملک کا نقصان کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ تحریک انصاف 27 سالہ جدوجہد کا نتیجہ ہے اور عمران خان ہمیشہ رول آف لاء کی بات کرتے ہیں۔