لاہور : عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 1997 میں نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کرنے والے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر حملہ کرنے کے لیے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، آج ن لیگ دوبارہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکیاں دے رہی ہے کیونکہ وہ انتخابات سے خوفزدہ ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عوام کو ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کی تیاری کرنے کی اپیل کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ مسلم لیگ ن نے 1997 میں نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کرنے والے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر حملہ کرنے کے لیے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، آج ن لیگ دوبارہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو دھمکیاں دے رہی ہے کیونکہ وہ انتخابات سے خوفزدہ ہیں۔
میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام قانون کی حکمرانی کو بچانے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار رہیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ ہم ان تمام سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے جو اس سازش کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر وکلاء برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے آئین اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے 2007 کی وکلاء تحریک کی طرح دوبارہ قیادت کریں۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ون مین شو تباہی کا باعث بنے گا ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جس کے اپنے برادرز ججز اُس پر عدم اعتماد کر دیں، سوالات اُٹھا دیں اُس کے دیے گئے فیصلے کی نہ کوئی قانونی حیثیت ہوگی نہ اخلاقی۔مریم نواز نے کہا کہ چند سہولت کاروں کی جانب سے انصاف کے ایوان کو تحریک انصاف کا ایوان بننے سے روکنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ ون مین شو تباہی کا باعث بنے گا۔ سینئر نائب صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ جسٹس مندوخیل کی دعاوں میں شریک ہیں کہ اللّہ تعالی سپریم کورٹ آف پاکستان پر رحم فرمائے۔ آمین !