سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد مختلف حلقوں سے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا اور اس دوران کسی بھی مقام پر کوئی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا جب کہ مقررہ وقت تک پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہونے والوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات 16 اضلاع میں ہورہے تھے جن میں کراچی ڈویژن کے 7 اور حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع شامل تھے۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے 8706 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے، مردوں کے لیے 1204 اور خواتین کے لیے 1170 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے۔
کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن
کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع (وسطی، شرقی، جنوبی، غربی، کیماڑی، ملیر، کورنگی) کی 25 ٹاؤنز کی 246 یوسیز کے 984 وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری رہی۔
ہر یونین کونسل میں 4 وارڈز ہیں۔ ووٹر کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ وارڈ کا جنرل کونسلر منتخب کرنا ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ایک ووٹ ہوگا، دوسرا ووٹ جنرل کونسلر کا ہوگا، ہر یونین کونسل 11 ارکان پر مشتمل ہوگی، یونین کونسل میں 6 افراد براہِ راست منتخب ہوں گے۔
کراچی ڈویژن میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشست کے لیے 9 ہزار 58 امیدوار میدان میں ہیں اور مختلف یونین کمیٹیوں سے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
کراچی ڈویژن کی جنرل ممبرز اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 22 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات آج نہیں ہوئے۔ ان امیدواروں میں مختلف یونین کمیٹیوں کے 9 چیئرمین اور وائس چیئرمین جب کہ 13 جنرل ممبرز کے امیدوار بھی شامل ہیں۔
حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن
حیدرآباد میں 2551، دادو میں 1436، جامشورو میں 839، ٹنڈوالہیار میں 781، مٹیاری میں 715 اور ٹنڈومحمد خان میں 452 امیدوار مختلف نشستوں پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
پولنگ کے 709 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں رجسٹرڈ 10 لاکھ 53 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے 26 یوسی چیئرمین اور 149 وارڈز کے جنرل ممبران بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ 134 یوسی چیئرمین اور 291 وارڈز پر مقابلہ ہوگا جس کے لئے 25 سو سے زائد امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔