اسلام آباد : وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ یوریا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
وفاقی وزیر صنعت وپیداوار خسرو بختیار کی زیر صدارت روزانہ کی بنیاد پر یوریا کھاد کی ترسیل و فروخت پر اجلاس ہوا جس میں فرٹیلائرز انڈسٹری نے رئیل ٹائم پورٹل کے ذریعے تازہ ترین کھاد کی فراہمی کے اعدادوشمار پیش کیے۔
شرکاء کو بریفنگ کے دوران بتائے گئے اعدادوشمار کے مطابق پچھلے سال کی نسبت پنجاب میں یوریا کی سپلائی 4٪ کم ہے اور سندھ میں اس سال طلب کے لحاظ سے یوریا سپلائی 52٪ سے زائد ہے جب کہ حکومت پنجاب نے مختلف کارروائیوں میں 2.76 لاکھ ٹن کھاد قبضے میں لی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ کھاد کی بین الصوبائی ترسیل کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کی سندھ میں ذخیرہ اندوزی کی گئی ہے، حکومت سندھ یوریا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔
وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے یوریا کی بلیک مارکیٹنگ ہوئی اور فرٹیلائرز مینوفکچرز ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کو بلیک لسٹ کر رہے ہیں۔