ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہےکہ مسٹر بل گیٹس کے پاکستان کے پہلے دورے پر ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی را بطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہاکہ مائیکروسافٹ کے بانی آج پاکستان میں پولیو کے خاتمے پر پیش رفت کا جائزہ ، این سی او سی اور احساس پروگرام کا دورہ کرینگے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا مزید کہنا ہےکہ ان دوروں کے ساتھ ساتھ بل گیٹس صدرڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور صوبوں کی صحت کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔
مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا دورہ پاکستان
مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
اپنے ایک روزہ دورے کے دوران آج بل گیٹس اسلام آباد میں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بِل گیٹس چک شہزاد میں قائم کورونا اسپتال کا دورہ بھی کریں گے۔
بل گیٹس این سی او سی ہیڈ کوارٹرز بھی جائیں گے۔
مائیکرو سافٹ کے بانی کو کورونا اور پولیو کی روک تھام پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بل گیٹس پاکستان کا ایک روزہ دورہ کرکے آج شام کو ہی واپس چلے جائیں گے۔
واضح رہےکہ گزشتہ برس متعدد مرتبہ وزیر اعظم عمران خان اور بِل گیٹس میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں انہوں نے بل گیٹس کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔