وہاڑی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ سیاستدان سے بات ہو سکتی ہے، عمران خان اور تحریک انصاف سے کیا بات کروں جو یوٹرن پر یقین رکھتا ہے۔
آصف علی زرداری نجی طیارے پر اسلام آباد سے ملتان پہنچے، پیپلز پارٹی کے مقامی قائدین نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا، ملتان ائیرپورٹ سے وہ وہاڑی روانہ ہوئے،
یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود بھی ان کے ساتھ ہیں، سابق صدر اپنے دو روزہ دورہ وہاڑی کے دوران صحافیوں، پیپلز لائرز ونگ سے ملاقاتیں کریں گے اس کے علاوہ منگل کو دوپہر ایک بجے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 10 دفعہ جاپان دیوالیہ ہوا پھر کم بیک کیا، یہ ملک ہے پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں، ملک دیوالیہ ہونے سے ختم نہیں ہوتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ لکھنے اور بولنے میں بہت سے سوالات ہیں، ہمیں معلوم تھا کہ مشکلات ہیں ہم نے عمران خان کو کئی کاموں سے روکنا تھا ورنہ وہ تو ملک بیچ دیتا، بلاول جوان ہے اس کو غصہ جلدی آ جاتا ہے، ہم غصہ پینے کے عادی ہیں، سیاستدان سے بات ہو سکتی ہے، عمران خان اور تحریک انصاف سے کیا بات کروں جو یوٹرن پر یقین رکھتا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا عمران خان کو کس ایشو میں گرفتار کرنا ہے یا نہیں کرنا یہ وزیر داخلہ کا اپنا کام ہے، الیکشن کا ماحول ابھی بنے گا اس کے بعد سیاسی فیصلے کریں گے، سوچ کہتی ہے الیکشن وقت پر ہوں گے، مردم شماری پر بلاول کو سندھ کی حد تک اعتراضات ہیں، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں لیکن حکومت کا حصہ ہیں۔
گورنر پختونخوا نے الیکشن کمیشن کو مشاورت کیلئے بلا لیا
انہوں ںے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ ہٹلر اور نپولین یوٹرن لیتے تو یوں ہوجاتا، جس نے صرف ہٹلر اور نپولین پر صرف ایک کتاب پڑھی ہوتی ہے وہ ایسی باتیں کرتا ہے جبکہ پوری جنگ کا جائزہ لیں تو ہٹلر اور نپولین کو موسم کے لحاظ سے ٹریپ کیا گیا ایسا نہیں ہے کہ وہ یوٹرن لیتا تو اسے چھوڑ دیتے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا وزارت داخلہ کا اپنا معاملہ ہے میں اس میں دخل اندازی نہیں کرتا، وزارت داخلہ مجھ سے کیوں پوچھے گی؟ انہیں جو کرنا ہے وہ کرگزرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹیل مردم شماری پر سندھ کو تحفظات ہیں، پی ڈی ایم کا موقف اپنا ہے ہمارا موقف اپنا، ہم ان سے ملتے ہیں بات کرتے ہیں، ان کے ساتھ چلتے ہیں، ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہیں حکومت کا حصہ ہیں اسی لیے فاروق نائیک نے سپریم کورٹ میں درخواست دی کہ ہمیں بھی سنا جائے انتخابات والے معاملے میں۔
ایک سوال پر انہوں ںے کہا کہ سیاست میں انسان کو جفاکشی کرنی پڑتی ہے، جیل کاٹنی پڑتی ہے اور عمران خان اس کا عادی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پوری قوم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اسی طرح عدلیہ کو درست کرنے کی کوشش کی جائے گی، راجن پور کا الیکشن پی ٹی آئی نے مقبولیت کی بنیاد پر نہیں جیتا بلکہ مہنگائی کے اثرات کی وجہ سے جیتا۔