اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں۔
اس کے علاوہ صدر مملکت نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن، خوشدل خان، رفیق خان اور عبدالقادر کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات کی بھی دعا کی اور وطن کیلئے انکی خدمات کو سراہا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبر کی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، تاہم لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں جوانوں نے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئی مادر وطن کے 4 بیٹے بھی قربان ہوگئے۔
شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کا تعلق اسلام آباد، 31 سالہ شہید نائیک خوشدل خان کا تعلق لکی مروت، 27 سالہ نائیک رفیق خان کا تعلق چارسدہ اور 33 سالہ نائیک عبدالقادر کا تعلق مری سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں بچے کچے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ایسی قربانیاں عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔