وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ گزشتہ روز 60کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ، دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد سے پاکستان آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم یوتھ سپورٹس انیشی ایٹو کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 60 کروڑ ڈالر کا گزشتہ روز اضافہ ہوا ہے۔ چین کے بینک نے یہ رقم رول اوور کی،یہ معمولی بات نہیں، ہم احسان کرنے والوں کو یاد رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ ہے ہیں ۔ ہمار ی دعا ہے کہ ان ذخائر میں قرضوں کی بجائے ہمارے خون پسینے اور محنت سے اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ سپیشل اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اپنے بچوں سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنی چاہیے۔ یہ بچے ہر شعبہ میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں ، انہی کی محنت کے طفیل پاکستان آگے بڑھے گا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ اگر اللہ نے دو بارہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچوں اور بچیوں کی تعلیم ، فنی تعلیم اور کھیل کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے وسائل درکار ہوئے مہیا کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قلیل وسائل کے باوجود اپنے ٹرینرز ، کوچ اور والدین کی دعائوں سے پاکستان کا دنیا میں نام روشن کیا ۔پاکستان نے دیگر میدانوں میں اگر سست روی دکھائی ہے تو ان نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا پرچم پوری دنیامیں بلند کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج 5 ارب روپے کاوزیراعظم فنڈ کا اعلان وفاقی وزیر احسان الرحمن نے کیا ۔ وفاقی وزیر اور معاون خصوصی نے بہت محنت کی ہے۔ ا س 5 ارب روپے میں کھلاڑیوں کے ٹکٹس ، لاجسٹکس ، رہائش اور کٹس شامل ہوں گی۔ یہ 5 ارب روپے پورے ملک کے لئے آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ کروڑوں نوجوانوں کو اگر صحیح ماحول اور سہولیات میسر آئیں تو دنیا کی بہترین ٹیموں سے یہ آگے نکل سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ توقع ہے کہ آنے والی حکومتیں اس بجٹ کو بڑھائیں گی۔