اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کو ناکام بنانے کے لیے کارکنان نے بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے 200 سے زائد کارکنان بنی گالہ پہنچ گئے۔
کارکنان نے عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے اطراف خیمے لگا دئیے گئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنوں نے رہائش، کھانے پینے ودیگر ضروری اقدامات کر لئے، کارکنان اپنے ساتھ بستر، پانی کے کولر اورضروری سامان بھی لے آئے۔
خیال رہے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ سے قبل سابق وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کی حکومت کی طرف سے کسی بھی کوشش سے بچنے کے لیے انتظامات کیے گئے تھے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید کو مسجد نبوی (ص) میں نعرے بازی میں ملوث ہونے کے ثبوت ملنے پر گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہےعمران خان نے حال ہی میں کہا تھا کہ انہیں قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور انہوں نے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا ہے، جسے اگر قتل کیا گیا تو جاری کیا جائے گا تاکہ قوم سازش کرنے والوں کو جان سکے۔