لاہور: کورونا وائرس کی خطر ناک لہر میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(اپٹما) کی جانب سے کورونا ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین اپٹما عادل بشیر کا کہنا ہے کہ اپٹما کی جانب سے عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس میں ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں درآمد کرکے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اپٹما ممبران ایک لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں درآمد کرنے کیلئے فنڈ اکٹھا کریں گے، حکومت سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا جائے گا۔ اکیلی حکومت اس وبا کا مقابلہ کر ہی نہیں سکتی، دیگر بزنس ایسوسی ایشنز کو بھی سامنے آنا چاہیئے اور اپنا فرض ادا کرنا چاہیئے۔ اپٹما ممبران اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات کو مضبوط بنائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزاپٹما کے سرپرست اعلیٰ گوہر اعجاز کی جانب سے بھی جناح ہسپتال انتظامیہ کو 25 ہزار ویکسی نیشن ڈوز عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔