خالد خورشید کے نااہلی کے بعد نئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا گیا، وزیراعلیٰ کے انتخاب کےلیے پولنگ پولنگ دوپہر3 بجے ہوگی۔
گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کےلیے تحریک انصاف نے راجہ اعظم کو امیدوار نامزد کردیا۔انتخاب کےلیے مجموعی طور پر 4 امیدوار نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، جن میں تحریک انصاف کے راجہ اعظم خان ، پیپلز پارٹی کے امجد ایڈووکیٹ ، ن لیگ کے انجنئیر انور جبکہ جے یو آئی کے رحمت خالق شامل ہیں۔
خالد خورشید کی عدالت سے نااہلی کے بعد گلگت بلتستان میں بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت متحرک ہوگئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پرتین رکنی کمیٹی بنا دی ہے جو وزیراعلیٰ خالد خورشید کی عدالت سےنااہلی کےبعد کی صورتحال پر سفارشات مرتب کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے چیف کورٹ نے وزیراعلیٰ خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قراردے تھا۔
جی بی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کے مطابق 21 ممبران کا تعلق تحریک انصاف سے ہے جب کہ اسمبلی میں 1 خاتون اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت 4 ارکان کے ساتھ پیپلزپارٹی دوسری بڑی جماعت ہے۔
پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت مجلس وحدت المسلمین کی 1جنرل نشست ہے جب کہ پی ٹی آئی سے معاہدے کے تحت ملنے والی خواتین کی 1 مخصوص نشست اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت اس کی نشستوں کی تعداد 3 ہے۔ مسلم لیگ ن کی بھی 2 جنرل اور خواتین کی 1 مخصوص نشست کے ساتھ کل نشستوں کی تعداد 3 ہے۔