راولپنڈی: پولیس نے ایک بار پھر شہریار آفریدی کو گرفتار کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے شہریار آفریدی کو ڈی سی راولپنڈی کے 16 ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتار کیا۔ گرفتاری کے بعد شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی رہا کرنے کے عدالتی حکم کے باوجود شہریار آفریدی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل سے دوبارہ حراست میں لیا گیا۔ شہریار آفریدی کے وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ عدالت کی جانب سے شہریار آفریدی کی حفاظتی ضمانت منظور کی گئی تاہم اس کے باوجود انہیں رہائی کے فوری بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ اور پنجاب پولیس نے دوبارہ حراست میں لیا۔
پرویزالہٰی کی نظربندی ; ہوم سیکرٹری کو درخواست سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت
پنجاب پولیس نے شہریار آفریدی کے ساتھ ان کے بھائی کو بھی گرفتار کیا۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی سمیت دس پی ٹی آئی کارکنان کے نظر بندی آرڈر معطل کئے تھے۔ شہریار آفریدی اور ان کے بھائی فرخ جمال کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے طلب کرنے پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ پیش ہوئے۔
عدالت نے شہریار آفریدی ان کے بھائی سمیت دس کارکنان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے شہریار آفریدی کو کسی اور کیس میں گرفتاری نہ کرنے کیلئے سات دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔ شہریار آفریدی کی بہاولپور میں درج مقدمہ میں حفاظتی ضمانت منظور کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملک میں جو کچھ ہورہا ہے انتہائی افسوس ناک ہے، خدا کیلئے ملک کو آگے چلنے دیں، ہم خود ہی اپنا مذاق اور تمسخر اڑا رہے ہیں۔