عبد اللہ شفیق اور آغا سلمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بنا لیے ہیں ، قومی ٹیم کو میزبان کیخلاف 397 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان نے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل شروع کیا تو بابر اعظم اور عبد اللہ شفیق نے ابتداء میں مزاحمت کی تاہم قومی کپتان 75 گیندوں پر 39 رنز بنا کر جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس کے بعد عبد اللہ شفیق اور سعود شکیل نے سکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 196گیندوں پر 109رنز کی پارٹنر شپ بنی، اس دوران سعود شکیل نے نیا ریکارڈ بنایا، انہوں نے ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا جس کے مطابق انہوں نے ہر ٹیسٹ میچ میں نصف سنچری سکور کی۔
عبد اللہ شفیق اور سعود شکیل کی پارٹنر شپ کا خاتمہ فرنینڈو نے کیا، سعود شکیل 57 رنز بنا کر باؤلر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، بعد میں اوپنر کے ساتھ سرفراز احمد ساتھ نبھانے آئے، تاہم وکٹ کیپر 22 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے فاسٹ باؤلر کی گیند سر پر لگنے کے باعث ریٹائر ہرٹ ہو گئے ۔ عبد اللہ شفیق کو جے سوریا نے پویلین بھیجا، اوپنر نے 326 گیندوں پر 201 رنز بنائے۔
اس کے بعد آغا سلمان نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے حریف باؤلرز کو بے بس کیا، انہوں نے 148 گیندوں پر 132 رنز بنا لیے ہیں، ان کے ساتھ محمد رضوان 61 گیندوں پر 37 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بنا لیے ہیں، گرین شرٹس کو میزبان ٹیم پر 397 رنز کی برتری حاصل ہے۔