ویمبلے: یورو کپ کا فائنل اتوار کو انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ہائی وولٹیج میچ کو میدان میں دیکھنے کے خواہشمند شائقین بلیک میلرز کے ہاتھوں لٹنے لگے ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق یورو کپ فائنل کا ٹکٹ رکھنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے اور فائنل کے ہزاروں ٹکٹس بلیک میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مختلف ویب سائٹس پر فائنل میچ کی ٹکٹ کی قیمت میں ایک سو اسی گنا اضافہ ہواہے، فائنل کے ٹکٹ کی اصل قیمت دو سو پچانوے پاؤنڈ ہے، یہ بھی اطلاعات ہیں کہ فائنل میچ کا ایک ٹکٹ چالیس ہزار پاونڈ میں فروخت ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ یوئیفا کی سرکاری ویب سائٹ نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ یورو کپ فائنل کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے یورو کپ کے سیمی فائنل میں ڈنمارک کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دیکر تاریخ رقم کی تھی، اسی فتح کے ساتھ یورو کپ میں انگلینڈ کا پچپن سال کا انتظار ختم ہوا، انیس سو چھیاسٹھ کے بعد انگلینڈ نے کسی بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کےفائنل میں جگہ بنائی۔
یہ بھی پڑھیں : یوروکپ سیمی فائنل: ڈنمارک کے گول کیپر کو ” لیزر لائٹ ” مارے جانے کا انکشاف
انیس سو چھیاسٹھ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب انگلش ٹیم کسی بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی، یورو کپ میں اس سے قبل انگلینڈ دو مرتبہ تیسری پوزیشن تک پہنچ پایا تھا۔
اب اتوار کو یورو کپ کا فائنل انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔