بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے ایشیا کپ کیلیے پاکستان میں جا کر نہ کھیلنے کا ایک اور بہانہ تراشتے ہوئے ایک بار پھر وزارت داخلہ کی منظوری سے مشروط کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی سے متعلق خدشات ہیں اس لیے بھارتی ٹیم کے آئندہ سال ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی۔
بھارتی وزیر کھیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال ورلڈ کپ بھارت میں ہی ہوگا اور اس میں تمام عالمی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان آئندہ سال ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا تاہم دو روز قبل ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم 2023 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جے شاہ نے بھارتی ٹیم کا پاکستان نہ جانے کا اعلان بھارتی کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد کیا، صدر ایشین کرکٹ کونسل نے کہا کہ ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہو سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی صدر جے شاہ کے ایشیا کپ کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیصلے سے 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ جے شاہ کی صدارت میں اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپردکی گئی تھی، تاحال اے سی سی کے صدر کے بیان پر اے سی سی سے کوئی باضابطہ وضاحت موصول نہیں ہوئی ہے۔
ترجمان پاکستان،کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے اے سی سی سے حساس معاملے پر ہنگامی اجلاس کی درخواست کی ہے۔