بھارت نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی۔
وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز بھارت کے 540 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارت نے 372 رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹی جو کہ ہوم گراؤنڈ پر بھارت کی رنز کے اعتبار سے ریکارڈ کامیابی ہے۔
اس سے قبل 2015 میں دہلی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو337 رنز کے بڑے مارجن سے بھارت نے شکست دی تھی۔
اسپنر یادیو اور ایشون نے 4،4 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ کانپور میں کھیلے گئے سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہو گیا تھا۔