لاہور قلندرز کے افغان آل راؤنڈر راشد خان نے پی ایس ایل 7 کے فائنل میں شرکت کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ بہت زبردست ہوتا کہ میں پی ایس ایل کے فائنل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتا لیکن میری پہلی ترجیح قومی ڈیوٹی ہے جس کی وجہ سے فائنل میچ میں شرکت نہیں کرسکوں گا۔
انہوں نے اپنے کپتان اور ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل سوشل میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ راشد خان کی پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے پاکستان واپسی متوقع ہے۔
راشد خان نے لاہور قلندرز کے لیے آخری میچ 19 فروری کو اسلام آباد کے خلاف کھیلا تھا جس کے بعد وہ قومی ڈیوٹی کے لیے دیگر افغان کھلاڑیوں کے ہمراہ بنگلادیش روانہ ہوگئے تھے۔
وہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں لاہور قلندرز کی جانب سے 8 میچز میں 11 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلادیش اور افغانستان کے درمیان جاری تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آخری میچ پیر 28 فروری کو کھیلا جانا ہے جبکہ پی ایس ایل کا فائنل کل 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔