پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بولر شاہین شاہ آفریدی نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے دوران میدان میں موجود تماشائیوں کی منفرد خواہش پوری کی اور ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہوگئی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ میچ میں باؤنڈری کے پاس فیلڈنگ کے دوران شائقین کرکٹ نے شاہین آفریدی کے حق میں خوب نعرے بازی کی اور تماشائیوں نے ان کے سامنے انوکھا مطالبہ بھی رکھا۔
باصلاحیت بولر نے مداحوں کی خواہش پوری کرتے ہوئے بتایا کہ کس انداز سے بھارت کے خلاف میچ میں انہوں نے کے ایل راہول، روہت شرما اور ویرات کوہلی کا شکار کیا تھا۔
انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین ایکشن کے ذریعے بتا رہے ہیں کہ بھارتی کھلاڑی کے ایل راہول، روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی کیسے آؤٹ ہوئے، بولر کے اس انداز پر تماشائی مزید پرجوش نظر آئے۔
خواہش پوری ہونے پر میدان میں موجود شائقین کرکٹ نے شاہین کے حق میں خوب تالیاں بھی بجائیں۔