آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 27 اوورز میں تین وکٹوں پر ڈبل سنچری بنا لی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں جاری کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں ایونٹ کا آٹھواں میچ میں راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ سری لنکن بیٹرز نے بے اثر پاکستانی بولرز کی دھنائی جاری رکھی ہوئی ہے۔
آج کے میچ کا ٹاس کپتان داسن شناکا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم 5 رنز کے مجموعے پر حسن علی نے کوشل پریرا کو صفر پر آؤٹ کرکے ٹیم کو کامیابی دلائی۔ اس کے بعد پاکستانیوں کے لیے خوشی منانے کا دوسرا موقع امام الحق نے مینڈس کا آسان کیچ ڈراپ کرکے ضائع کر دیا اور اس کے بعد میچ میں اب تک پاکستانی شائقین کرکٹ کے پاس خوشی منانے کا دوسرا موقع نہیں آیا۔
پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے 102 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اس دوران نسانکا اور مینڈس نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
107 کے مجموعے پر شاداب خان نے اپنے دوسرے ہی اوور میں نسانکا کو عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرکے ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔ انہوں نے 51 رنز بنائے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد بھی سری لنکن بولرز کا ردھم نہ ٹوٹ سکا بلکہ وہ پہلے سے زیادہ قہر بن کر پاکستانی بیٹر پر برس پڑے۔
سری لنکا ٹیم کی ڈبل سنچری 27 ویں اوور میں مکمل ہوگئی جس کا جشن کوشل مینڈس نے اپنی انفرادی سنچری کے ساتھ میدان میں ہی منایا۔
اس موقع پر حسن علی نے اپنے چھٹے اوور میں مسلسل دو چھکے کھانے کے بعد باؤنڈر لائن پر کوشل مینڈس کو امام الحق کے ہاتھوں کیچ کرا کے ان کی میراتھن اننگ کے آگے بند باندھا اور اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔
مینڈس نے 77 گیندوں پر 122 رنز کی انتہائی برق رفتار اننگ کھیلی۔ سدیرا سمارا ویرا 36 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
سری لنکا نے 29 ویں اوور کے اختتام پر تین وکٹیں کھو کر 218 رنز بنا لیے ہیں۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے پر قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ پہلے 10 اوورز اہم ہیں جس میں وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔
دونوں ٹیموں نے آج کے میچ کے لیے اپنی فائنل الیون میں ایک ایک تبدیلی کی ہے۔ پاکستان نے آؤٹ آف فارم اوپنر فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو ٹیم میں جگہ دی ہے جب کہ سری لنکا نے کاسن راجیتھا کی جگہ مہیش تھکشانا شام کو شامل کیا ہے۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان:
بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف
سری لنکا:
دسون شناکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سمارا وکرما، چیراتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، ڈنتھ ویلالگے، مہیش تھکشانا، دلشان مدوشانکا، متیشا پتھرینا۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں گرین شرٹس تاحال آئی لینڈرز کے لیے نا قابل شکست رہے ہیں اب تک میگا ایونٹس میں پاکستان اور سری لنکا 7 میچز میں مدمقابل آئے ہیں اور تمام میچز میں گرین شرٹس نے فتح حاصل کی ہے تاہم گزشتہ ماہ کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا جس کی وجہ سے اس کے حوصلے بلند ہیں۔
تاہم قومی ٹیم آج کے میچ میں ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف اپنے نا قابل شکست ہونے کا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے آئی لینڈر کو شکست دے کر ایشیا کپ کا حساب چکتا کر سکتی ہے ساتھ ہی اس میگا ایونٹ میں اپنے آگے کے سفر کو بھی آسان بنا سکتی ہے۔
پاکستان کا ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بھی پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 156 بار مدمقابل آئی ہیں جن میں گرین شرٹس نے 92 میچز جیت رکھے ہیں جب کہ آئی لینڈرز کے ہاتھ 59 میچوں میں فتح ہاتھ آئی ہے۔
اس میگا ایونٹ میں پاکستان نے اپنا افتتاحی میچ نیدر لینڈ کے خلاف جیت رکھا ہے جب کہ سری لنکا کو جنوبی افریقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ورلڈ کپ کی تازہ پوائنٹ ٹیبل پر پاکستان پوائنٹ ٹیبل پر ایک جیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور سری لنکا کے خلاف فتح اسے دوسرے یا پہلے نمبر پر پہنچا سکتی ہے۔
ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے 6 میچز میں نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے۔ جنوبی افریقہ، پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت اپنے ایک ایک میچز جیت کر بالترتیب دوسرے سے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔