ڈھاکا: پاکستان نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو وائٹ واش کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کو تینوں میچ میں کلین سوئپ کیا، پاکستان نے میزبان کھلاڑیوں کو سیریز میں دھول چٹا دی۔ بنگلادیش پہلی بار ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز تین صفر سے ہارا۔
پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ ڈھاکا میں قومی ٹیم نے مخالف ٹیم کی جانب سےدیا گیا 125 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا، حیدر علی 45 اور محمد رضوان چالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔
گرین شرٹس کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے، میچ ڈرامائی شکل اختیار کرگیا، پاکستان نے 3 وکٹیں گنوائی، آخری گیند نواز نے چھوڑی اور بولڈ ہوئے۔ امپائر نے گیند ڈیڈ قرار دی۔ اگلی گیند پر بولر کی رن آؤٹ کرنے کی چال بازی بھی کام نہ آئی۔ نواز نے آخری گیند پر چوکا جڑ کر بنگلہ دیشی شائقین کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
پہلی اننگز میں پاکستانی بولر محمد وسیم اورعثمان قادر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نےایک ،ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بنگلادیش نے پہلے کھیل کر سات وکٹوں پر 124 بنائے تھے۔ محمد نعیم نے سنتالیس رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان جیت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگیا۔ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے بالاخر انٹرنیشنل ڈیبیو کر لیا، وہ ڈیبیو میں پہلے اوور میں وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔
پاکستان نے تیسرے میچ میں ریزرو کھلاڑی آزمائے، سرفراز احمد کو بھی موقعہ ملا، افتخار، عثمان بھی کھیلے۔ کپتان بابر اعظم صرف 19 رن بنا سکے۔ بابر نے کیلنڈر ایئر میں سرفراز کی 17 فتوحات کا ریکارڈ برابر کر دیا۔