قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہمیں اپنی کارکردگی پر خوشی اور فخر ہے۔
آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب بات گیم پر آتی ہے تو ہمیں اچھا پرفارم کرنا ہوتا ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ بطور ٹیم ہم اس وقت اچھی کارکردگی کی توقع رکھ رہے ہیں، اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی ہم اسی ردھم کے ساتھ کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بڑے ایونٹ میں بڑا میچ جیت کر مورال بلند ہوجاتا ہے، اپنے کیرئیر میں بہت مرتبہ بڑی ٹیموں کے خلاف پہلے میچ کھیلے ہیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ جب ہار جاؤ تو کافی تکلیف ہوتی ہے اور تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ماضی میں جب ہارے تو ہم نے کم بیک اچھا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ورلڈکپ میں ہماری ٹیم نے بہت اچھا کھیلا ، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اس ٹیم کا حصہ ہوں جو انڈیا کے خلاف جیتی۔
محمد حفیظ نے کہا کہ اس میچ کے بعد ہماری ٹیم کی باڈی لینگوئج مضبوط ہوئی، ہمارا مقصد صرف ایک میچ نہیں بلکہ پورا ٹورنامنٹ جیتنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی نے آصف علی کو بڑی خوشخبری سنادی
محمد حفیظ نے کہا کہ جب ایک لیڈر اچھا پرفارم کرتا ہے تو اس کی تعریف ہونی چاہیے، بابر اعظم کی کپتانی دن بدن بہتر ہورہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ مثبت نتائج لاتے ہیں تو ہر کوئی آپ کی تعریف کرتا ہے، پاکستان کیلئے جو بھی کھیلتا ہے وہ نتائج مثبت لاتا ہے۔
محمد حفیظ نے یہ بھی کہا کہ میں صرف اس ٹورنامنٹ کو کھیلنا چاہتا ہوں اور دعا ہے کہ وننگ اسکواڈ کا حصہ بنوں تاہم مستقبل کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔