لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا ۔ ٹیلی کام سیکٹرکی ترقی کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امراء میں پارٹی کی معاشی ٹیم کا طویل مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں معاشی ٹیم نے ن لیگی قائد کو پارٹی منشور میں معیشت سے متعلق کئے گئے وعدوں پرتفصیلی بریفنگ دی۔
معاشی ٹیم سے مشاورت میں نواز شریف نے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی کا اِظہار کیا۔ نواز شریف نے معاشی ٹیم کو آئی ٹی سیکٹر سے سالانہ 10سے 12 ارب ڈالر کمانے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم ان اہداف پر فوری کام شروع کرے۔
ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کو جدید ترین خطوط پر استوار کیا جائے ۔ نواز شریف نے معاشی ٹیم کو ہدایات دیں کہ وہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں حائل ساری رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے جامع پالیسی مرتب کریں۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملتے ہی ان دو سیکٹرز میں جنگی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے ایمرجنسی بنیادوں پرکام کیا جائے گا ۔
معاشی ٹیم نے نواز شریف کو بتایا کہ آئی ٹی سیکٹر میں تھوڑی سی توجہ سے اربوں ڈالرز کا قیمتی ترین زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے ملک میں اب تک فائیو جی ٹیکنالوجی نہ ہونے سے اربوں ڈالرز کا فائدہ حاصل نہیں کر پا رہا۔
معاشی ٹیم نے اپنی بریفنگ میں مزید کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے سالانہ اربوں ڈالر کما رہا ہے۔ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں نواز شریف کی معلومات پر معاشی ٹیم کو خوشگوار حیرت ہوئی۔
جب کہ اس دوران معاشی ٹیم نے بتایا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز سے نوجوانواں کیلئے فوری طور پر لاکھوں نوکریاں پیدا کی جا سکتی ہیں ۔ نواز شریف نے معاشی ٹیم کو مختلف اہداف دے کر مکمل منصوبہ بندی کی ہدایات جاری کردیں ۔
بلے کا نشان واپس لے کر230 ممبرز کو ہمارے سے چھین لیا گیا، لطیف کھوسہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور میں سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کا معاشی ماہرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا تھا ۔
اجلاس میں شہباز شریف،مریم نواز،اسحاق ڈار سمیت دیگر سینئر لیگی قیادت بھی موجود تھی جس میں ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئے اصلاحات اور تجاویز پر غورکیا گیا تھا اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دی گئی تھی۔
ن لیگی ترجمان کے مطابق اجلاس میں توانائی بحران کے خاتمے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات سمیت ٹیکس اصلاحات، زراعت، صنعت اور آئی ٹی کی ترقی کیلئے مراعات پر مبنی پیکج تیارکیا گیا تھا جبکہ روزگار کی فراہمی اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے پالیسی اور زراعت کیلئے بھی خصوصی رعایت پر شمسی توانائی میں مراعات کا تعین بھی پیکج میں شامل کیا گیا تھا۔
گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات سمیت تعلیم، صحت اور انفرااسٹرکچر کیلئے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کی گئیں تھیں۔ اجلاس میں مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا اور معاشی منصوبہ ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں شرح سود میں کمی، صنعتوں اور برآمدی شعبے کیلئے اصلاحات کے اصول بھی مرتب کئے گئے تھے۔