راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بلے کا نشان لے کر230 ممبرز کو ہمارے سے چھین لیا گیا، عوام کو امیدواروں کی فہرست فراہم کریں گے،جس پر عمران خان کی مہر ہوگی وہی امیدوار جیتے گا، ہمارے ہی امیدوار کامیاب ہوں گے تمام سازشیں دفن ہوجائیں گی۔
انہوں نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے کر مذاق اڑایا گیا ہے، امیدواروں کو کنفیوژن میں ڈال دیا گیا ہے، رات کو فیصلہ کیا گیا اور ہم سے بلا چھین لیا گیا۔
بلا چھینے کے بعد کسی کو جگ، بوتل اور کسی کو چینک مل رہی ہے ، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بکھیرکررکھ دیا گیا، ہمیں پارلیمان سے باہر کردیا گیا ہے، ہمیں پھر کیا انصاف کی توقع ہوگی؟ ہم اب 25 کروڑ عوام کی عدالت سے رجوع کریں گے، ہمیں اب آپ سے کچھ لینا دینا نہیں ہے،
ہم تو عدالت میں لیول پلیئنگ فیلڈ لینے آئے تھے لیکن آپ نے ہم سے فیلڈ ہی چھین لی ہے، 230 ممبرز کو ہمارے سے چھین لیا گیا، ہم عوام کو اپنے امیدواروں کی فہرست فراہم کریں گے،جس نام پر عمران خان کی مہر ہوگی وہی امیدوار جیتے گا، ہمارے ہی امیدوار کامیاب ہوں گے اور ان کی سازشیں دفن ہوجائیں گی۔
پی ٹی آئی چھوڑنے کیلئے بہت دباؤ تھا‘ عمران خان کو نہیں چھوڑ سکتا‘ اسد قیصر
بدقسمتی ہے کہ سپریم کورٹ نے کہا نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کیلئے استعمال ہوتی ہے، عدالت کا بدنما فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، اس کا خمیازہ ہماری نسلیں بھی بھگتیں گی۔ہم نے سپریم کورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فریضہ ہے کہ شفاف الیکشن کرائے،
یہ انتہائی بغض انا سے بھرا ہوا ہے، اس نے جیل میں فرد جرم عائد کی، کیا دنیا میں کبھی سنا ہے کہ جیل میں کسی لیڈر پر فرد جرم عائد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے بلے کا نشان چھین لیا گیا ہے، یہ 25کروڑ عوام کے حق رائے دہی کو چھینا گیا ہے۔ میں نے سپریم کورٹ میں بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز نے کئی سال الحاق کرکے الیکشن لڑا،ہمیشہ تیر پر الیکشن لڑتی آرہی ہے،اس کی آئین قانون میں اجازت ہے۔
ہم نے ایک ہفتے میں پی ٹی آئی نظریاتی کے ساتھ اتحاد کیا، 7سیٹیں دینے کا وعدہ کیا، جب وہ دستخط کرکے گھر گئے تو فیملی سمیت سب کو اٹھا لیا گیا، پھر پی ٹی آئی نظریاتی نے طوطے کا رٹا بیان آکر دے دیا۔